06:25 , 20 اپریل 2026
Watch Live

ٹرمپ کا دعویٰ: ایرانی بحری جہاز "توسکا” امریکی تحویل میں

ایرانی بحری جہاز "توسکا" امریکی تحویل میں

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی بحری جہاز “توسکا” اب امریکی تحویل میں ہے اور امریکی بحریہ اس کی مکمل جانچ کر رہی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹرتھ سوشل” پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی پرچم بردار یہ جہاز مبینہ طور پر امریکی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا، جس کے بعد اسے روک کر قبضے میں لے لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ “توسکا” ایک بڑا مال بردار بحری جہاز ہے جو تقریباً 900 فٹ لمبا ہے اور اس کا ڈیزائن طیارہ بردار جہاز جیسا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ جہاز خلیج عمان میں امریکی وارننگ کے باوجود نہیں رکا، جس پر امریکی بحریہ نے کارروائی کی۔

ان کے مطابق امریکی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر “USS Spruance” نے جہاز کو روکا اور بعد ازاں اس کے انجینئرنگ روم میں داخل ہو کر کنٹرول حاصل کیا گیا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ یہ جہاز پہلے سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور اس پر پابندیاں بھی عائد تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ جہاز امریکی میرینز کی تحویل میں ہے اور اس میں موجود مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ایران کی مسلح افواج نے اس کارروائی کو “بحری قزاقی” قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ امریکا کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION